نئی دہلی،3؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی قومی دارالحکومت کے کچھ حصوں میں منگل کی صبح دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوگئی، جس سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ منگل کو سردی کی لہر اور برفیلی ہواؤں نے سردی میں مزید اضافہ کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر مزید پانچ روز تک برقرار رہے گی۔
دھند کے باعث پروازوں کے روٹ ڈائیورٹ : ملک کے وسطی اور مشرقی حصوں کے ہند-گنگا کے میدانی علاقوں اور ملحقہ علاقوں کو گھنے دھند نے لپیٹ میں لے لیا، جس سے ریل اور ہوائی ٹریفک متاثر ہوئی۔ ریلوے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دھند کی وجہ سے کم از کم 21 دہلی جانے والی ٹرینیں ڈیڑھ سے پانچ گھنٹے کی تاخیر سے چلی گئیں۔ ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دہلی میں خراب موسم کی وجہ سے پیر کی رات پانچ پروازوں کو جے پور کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ دہلی کے صفدرجنگ آبزرویٹری میں منگل کو کم سے کم درجہ حرارت 8.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول سے ایک ڈگری زیادہ ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ دو روز تک درمیانی سے گھنی دھند پڑنے کا امکان ہے۔ ہفتے کے آخر میں سردی کی ایک اور لہر آئے گی اور درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق جب کم از کم درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے تو سردی کی لہر کا اعلان کیا جاتا ہے۔
کب ہوتا ہیسردی کی لہر کا اعلان ؟ سردی کی لہر کا اعلان تب بھی کیا جاتا ہے جب کم از کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس یا اس سے کم ہو اور یہ معمول سے 4.5 ڈگری کم ہو۔ ایک 'شدید' سردی کی لہر کا اعلان اس وقت کیا جاتا ہے جب کم سے کم درجہ حرارت دو ڈگری سیلسیس یا معمول سے 6.4 ڈگری سیلسیس کم ہو۔ دہلی میں منگل کی صبح 11 بجے ہوا کے معیار کا انڈیکس (AQI) 384 ریکارڈ کیا گیا۔ فضائی آلودگی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر ایئر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن نے پیر کو اپنے 'گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان' کے تیسرے مرحلے کے تحت یہ پابندیاں عائد کی ہیں۔ اس کے تحت دہلی-نیشنل کیپیٹل ریجن(این سی آر) میں غیر ضروری تعمیرات اور انہدام کے کاموں پر پابندی ہے۔